27 اگست ، 2023
ان دنوں بھارتی میڈیا پر بالی وڈ کی معروف جوڑی ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا کے تعلقات ختم ہونے کی افواہیں سرگرم ہیں لیکن اب ارجن کپور کی جانب سے ان شور پکڑتی افواہوں کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا فورم ’ریڈٹ‘ پر ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں، ایک صارف نے اداکاروں کے قریبی ذرائع سے موصول ہونے والی خبر کو پوسٹ کیا اور لکھا کہ ’ارجن اور ملائکہ اب الگ ہو چکے ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ ارجن اب کسی اور کو ڈیٹ کر رہے ہیں، کیا کوئی اندازہ لگا سکتا ہے کہ اب ارجن کس کو ڈیٹ کر رہے ہیں؟
صارف نے مزید انکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ ارجن کپور اب سوشل میڈیا انفلوئنسر و اداکارہ کوشا کپیلا کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
بعدازاں کوشا نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کر دی، البتہ ملائکہ اور ارجن کی جانب سے تاحال ان افواہوں پر کسی قسم کا براہِ راست ردعمل نہیں دیا گیا۔
اب 26 اگست کو کتوں کے عالمی دن کے موقع پر ملائکہ اروڑا نے انسٹاگرام پر اپنے پالتو کتے 'کیسپر' کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کی۔
اس ویڈیو پر جہاں دیگر صارفین اور اداکارہ کے مداحوں نے تبصرے کیے وہیں سب کی توجہ کا مرکز ارجن کا کیا گیا کمنٹ بن گیا، ارجن نے اس پوسٹ پر دو کمنٹس کیے۔
اداکار نے ملائکہ کی پوسٹ پر لکھا 'کیسپر آپ کی زندگی کا اصل ستارہ ہے'، ساتھ ہی انہوں نے دوسرے کمنٹ میں کیسپر کو 'ہینڈسم بوائے' قرار دیا۔
ایک صارف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے لکھا 'ارجن کپور نے یہ کمنٹ کرکے بریک اپ کی افواہوں کو آگ لگا دی'۔
یاد رہے کہ ملائکہ اور ارباز خان 1998 میں شادی کے بندھن میں بندھے اور 2017 میں باضابطہ طور پر ایک دوسرے سے الگ ہو گئے تاہم ان دنوں ملائکہ اداکار ارجن کپور کے ساتھ نظر آتی ہیں۔