Time 28 اگست ، 2023
پاکستان

عمران خان کو جیل میں دی جانیوالی سہولیات سے متعلق سرکاری رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اٹارنی جنرل پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ چیف جسٹس کے چیمبر میں جمع کرائی/ فائل فوٹو
اٹارنی جنرل پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ چیف جسٹس کے چیمبر میں جمع کرائی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

اٹارنی جنرل پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔

اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال کے چیمبر میں سربمہر رپورٹ جمع کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر اور جسٹس مندوخیل کےچیمبرز میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے 24 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سہولیات پر رپورٹ جمع کرانےکا حکم دیا تھا۔

عمران خان کو جیل میں کیا سہولیات میسر ہیں؟

اس سے قبل سامنے آنے والی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان کی جیل کی 2/1 تبدیل کرکے بیرک نمبر3 الاٹ کردیا گیا جب کہ انہیں جیل مینوئل سے ہٹ کر کھانا ملنے لگا ہے، علی الصبح چیئرمین پی ٹی آئی کوبیرک سے نکل کر جیل احاطے میں واک کی بھی اجازت ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ عمران خان کو جیل مینوئل سے ہٹ کر ساڑھے 11 بجے ناشتہ ملنے لگا اور انہیں روزمرہ کی بنیاد پر پھل بھی دیے جارہے ہیں۔

 نیا باتھ روم، میز، کرسی اور دیگر سہولیات 

22 اگست کو محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے واضح کیا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل قوانین کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں جس میں نیا باتھ روم بھی بنوا دیا گیا ہے جس کی دیواریں 5 فٹ اونچی ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج کے دورہ اٹک جیل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان محکمہ جیل خانہ جات نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےکمرے میں نیا واش روم بنایا گیا ہے جس کی دیواریں 5 فٹ اونچی ہیں اور نیا دروازہ بھی لگایا گیا ہے، واش روم میں ویسٹرن کموڈ اور واش بیسن بھی ہے۔

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق عمران خان کیلئے بنائے گئے باتھ روم میں باتھ سوپ ، پرفیوم، ائیر فریشنر، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں،کمرے میں بیڈ ، تکیہ ، میٹرس، میز ، کرسی، ائیر کولر ایگزاسٹ فین بھی موجود ہے، فروٹ، شہد، کھجوریں، جائے نماز انگریزی ترجمے والا قرآن مجید اورکتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :