28 اگست ، 2023
سائنسدانوں نے ایک نئی قسم کے سولر پینل کی تیاری میں پیشرفت کی ہے جو سورج کی روشنی کو زیادہ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے اسے سولر لیف (leaf) کا نام دیا ہے۔
یہ سولر پینل ابھی کانسیپٹ مرحلے سے گزر رہا ہے جو دیکھنے میں کسی پتے جیسا ہے۔
اس حوالے سے ایک تحقیق جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئی جس کے مطابق یہ سولر پینل اضافی تھرمل انرجی استعمال کر سکتا ہے جبکہ اس کے لیے عام سولر پینلز کے مقابلے میں سورج کی زیادہ روشنی جذب کرنا بھی ممکن ہوگا۔
محققین کا ماننا ہے کہ اس نئی ٹیکنالوجی سے سولر لیف کو زیادہ بجلی بنانے میں مدد ملے گی۔
اس نئی ٹیکنالوجی کے لیے پودوں کے بخارات کے اخراج کے نظام کو مدنظر رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے پودے اپنے پتوں سے زیادہ مقدار میں پانی جڑوں میں منتقل کرکے خود کو ٹھنڈا رکھتے ہیں۔
محققین کا ماننا ہے کہ اس نظام کی نقل پر مبنی سولر لیف کو بھی خود کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد ملے گی اور وہ سورج کی روشنی کو زیادہ جذب کرسکے گا۔
عام سولر پینلز کی افادیت وقت گزرنے کے ساتھ گھٹ جاتی ہے مگر محققین کا ماننا ہے کہ سولر لیف سورج کی 13.2 فیصد زیادہ توانائی اپنے اندر جمع کرسکے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ سولر پینل اپنے اندر جمع ہونے والی حرارت کو تازہ پانی اور تھرمل انرجی کی تیاری کے لیے بھی استعمال کرسکے گا۔
فی الحال یہ سولر پینل کانسیپٹ مرحلے سے گزر رہا ہے اور ابھی واضح نہیں کہ حقیقی دنیا میں کب تک یہ ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی۔