Time 29 اگست ، 2023
پاکستان

ایمان مزاری عدالت میں ماں سے گلے لگ کر جذباتی، شیریں مزاری نے بسکٹ اور جوس دیا

پولیس نے ایمان مزاری کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے ایمان مزاری کو ان کی والدہ شیریں مزاری سے ملاقات کی اجازت دی/ فائل فوٹو
پولیس نے ایمان مزاری کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے ایمان مزاری کو ان کی والدہ شیریں مزاری سے ملاقات کی اجازت دی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے  پی ٹی آئی کی سابق رہنما شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے ایمان مزاری کو  آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے ایمان مزاری کو ان کی والدہ شیریں مزاری سے ملاقات کی اجازت دی۔

جج نے کہا کہ صرف ماں بیٹی کمرہ عدالت میں ملاقات کریں گی، غیرمتعلقہ افراد کمرہ عدالت سے نکل جائیں۔

اس دوران ایمان کمرہ عدالت میں والدہ سے مل کر جذباتی ہوگئیں جب کہ شیریں مزاری نے اپنی بیٹی کو کمرہ عدالت میں بسکٹ اور جوس دیا اور کہا کہ بیٹھ کر آرام سے کھا لو بیٹا کچھ۔

بعد ازاں عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایمان مزاری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایمان مزاری کو کب گرفتار کیا گیا؟

اسلام آباد کے تھانہ ترنول پولیس نے 20 اگست کو سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو گرفتارکرنے کی تصدیق کی تھی۔

پولیس نے ایمان مزاری کو اسلام آباد میں ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں 28 اگست کو بغاوت کے مقدمے میں ضمانت پر رہائی کے بعد اسلام آباد پولیس نے ایمان مزاری کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

مزید خبریں :