07 جنوری ، 2013
نئی دہلی … بھارتی کر کٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ کرنے کی بی سی پی کی تجویز مسترد کردی ہے۔ ایک بھارتی اخبار کے مطابق پی سی بی کے سربراہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشز کی طرح کی سیریز کے بارے میں پر امید تھے تاہم ان کے بھارتی ہم منصب نے مثبت جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے انکار کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان ایک اور سیریز کا امکان فی الحال بالکل ہی معدوم ہوگیا ہے۔ اخبار کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان 30 دسمبر کو ہونے والے پہلے ون ڈے سے پہلے پی سی بی کے چیئرمین کو معلوم ہوچکا تھا کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی، بھارتی بورڈ پہلے ہی اس بارے میں ذکاء اشرف کو آگاہ کر چکا ہے کہ وہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے سے پہلے کھیلنے کے حق میں نہیں ہے، اسی طرح بھارت نیو ٹرل مقام پر کھیلنے کے بھی حق میں نہیں۔ بھارتی بورڈ نے پاکستان کی یہ تجویز بھی مسترد کردی کہ پاکستان بھارت کے خلاف اپنی ہوم سیریز بھارت ہی میں کھیلے۔ گوکہ بھارتی بورڈ نے اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم اس سلسلے میں بھی سرد مہری کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایک بھارتی اہلکار کا کہنا ہے کہ جو بیگیج پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ آئے گا، ان کا کون خیال رکھے گا؟۔ یہاں سیکیورٹی کا بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوگا اور ان سے کون نمٹے گا؟۔ چنائے میں اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں ذکا ء اشرف نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے، تاہم بھارت یہ بھی جانتا تھا کہ بنگلہ دیش نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی اہلکار نے کہا کہ دونوں سربراہوں کے درمیان بات چیت کا ایک نکاتی ایجنڈہ بھارتی ٹیم کا پاکستان کا دورہ تھا، لیکن وہاں حقیقی صورتحال یہ ہے کہ جس ملک میں آئی سی سی نے اپنے امپائر بھیجنے سے انکار کردیا ہے، ایسے ماحول میں ہم اس ملک کا دورہ کیسے کر سکتے ہیں ؟۔پہلے پاکستان آسٹریلیا کی میزبانی کرے پھر ہم وہاں کا دورہ کرنے کے بارے میں سوچیں گے۔