Time 30 اگست ، 2023
پاکستان

عمران خان سائفر کیس میں ریمانڈ سے لاعلم، پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم بھی حیران

پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ وکیل کے بغیر ریمانڈ کیسے لے لیا گیا؟ ذرائع. فوٹو فائل
پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ وکیل کے بغیر ریمانڈ کیسے لے لیا گیا؟ ذرائع. فوٹو فائل

سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قانونی ٹیم کا رات گئے گھنٹوں طویل اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق سائفر کیس پر پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کا گزشتہ روز 4 گھنٹے طویل اجلاس جاری رہا جو  رات ایک بجے ختم ہوا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ وکیل کے بغیر ریمانڈ کیسے لے لیا گیا؟

ذرائع کا کہنا ہے تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کو معلوم ہی نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملاقات میں بھی کسی وکیل یا اہلیہ سے جوڈیشل ریمانڈ کا ذکر نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی خود سائفر کیس پر ریمانڈ سے متعلق لاعلم ہیں۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران سائفر کیس میں 30 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور اسلام آباد کی سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات آج سائفر کیس کی سماعت کریں گے۔

گزشتہ روز وزارت قانون کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عمران خان کے خلاف سائفر ایکٹ کی سماعت اٹک جیل میں ہی کی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اٹک جیل میں سماعت کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سائفر کیس کی سماعت کھلی عدالت میں کرنے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال کی سزا کے بعد 5 اگست کو لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا، پاکستان تحریک انصاف نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو  اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطل کر دی تھی تاہم سائفر کیس میں گرفتاری کی وجہ سے ان کی رہائی ممکن نہ ہو سکی تھی۔ 

مزید خبریں :