30 اگست ، 2023
اسلام آباد: سیکرٹ ایکٹ کورٹ نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد کی سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں ایف آئی اے نے 2 روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہ محمود کو عدالت میں پیش کیا۔
کیس کے سلسلے میں اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی، شاہ خاور جب کہ شاہ محمود کی طرف سے وکلا عمیر نیازی، شعیب شاہین اور بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے شاہ محمود کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود سے موبائل فون اورسائفرکی برآمدگی کرانی ہے۔
ذرائع کے مطابق دوران سماعت جج نے شاہ محمود کی تفتیش سے متعلق ایف آئی اے سے استفسارکیا کہ دو دن میں کیا تفتیش کی؟
عدالت نے شاہ محمود کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگنے پر برہمی کا بھی اظہار کیا اور ایف آئی اے کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔
عدالت نے شاہ محمود کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔