30 اگست ، 2023
وہ آیا اُس نے میدان میں کھیلنا شروع کیا اور سنچریوں کے انبار لگادیے، یہ بات بجا طور پر پاکستانی ٹیم کے کپتان اور نامور بیٹر بابر اعظم کیلئے کہی جاسکتی ہے، ون ڈے کرکٹ میں صرف 102 اننگز میں 19 سنچریاں اس بات کا ثبوت بھی ہیں۔
صرف 8 برس قبل ون ڈے کرکٹ کے میدان میں قدم رکھنے والے بابر اعظم نےاس فارمیٹ کا میدان فتح کرلیا ہے، اُنہوں نے 102 اننگز میں 19 سنچریاں بناکر جنوبی افریقا کے بیٹر ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف میچ میں اُنہوں نے 19 ویں سنچری بنائی تو اُنہوں نے جنوبی افریقا کے معروف بیٹر ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا، ہاشم آملہ نے 104 اننگز میں 19و یں سنچری بنائی تھی جبکہ بابر اعظم نے 102 ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
اُن کے علاوہ ویرات کوہلی، ڈیوڈ وارنر اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 19 ویں سنچری تو بنائی مگر اُس کے لیے اُنہوں نے بابر اعظم سے زیادہ اننگز کھیلیں، کم سے کم اننگز میں 19 سنچریاں بنانے والوں میں بابر اعظم کا پہلا نمبر ہے جنہوں نے 104 میچوں کی 102 ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے 104، بھارت کے اسٹار کھلاڑی ویرات کوہلی نے 124، آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 139 اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 171 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا صرف یہی نہیں بلکہ بابر اعظم اتنی ہی اننگز کھیل کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر میں پہلے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم نے 5353 رنز بنارکھے ہیں، اتنی ہی اننگز کے بعد ہاشم آملہ کے 5165، سر ووین رچرڈز کے 4624، جو روٹ 4480، شائی ہوپ 4465 اور شیکھر دھون کے 4401 رنز تھے جبکہ اس فہرست میں ویرات کوہلی کا 11 واں نمبر ہے۔
بابر اعظم ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں، بطو ر ون ڈ ےکپتان ویرات کوہلی نے 36 اننگز میں دوہزار رنز بنائے تھے، بابر اعظم کو ویرات سے آگے نکلنے کے لیے پانچ اننگز میں صرف 6 رنز درکار ہیں۔