31 اگست ، 2023
عوامی ردِ عمل کے خوف سے واپڈا ملازمین گھر گھر جا کر بل تقسیم کرنے سے ڈرنے لگے۔
بجلی کے زائد بلوں کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے، ایسے میں اے این پی نے بھی بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف پشاور میں ریلی نکالی اور بجلی سستی نہ کرنے پر خیبرپختونخوا میں پہیہ جام کی دھمکی دی۔
ادھر لاہور میں خواتین نے بل دیکھ کر دل تھام لیے،کہتی ہیں بل بھرنے کے لیے ادھار لینا ہوگا جب کہ راجن پور میں تاجروں نے بجلی کے بل، میٹرز اور روٹی اٹھا کر احتجاج کیا۔
گجرات، بہاول نگر، میاں چنوں، حافظ آباد اور ٹنڈو الہ یار میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور شہریوں نے بجلی کے بل جلا دیے، ساتھ ہی اضافی ٹیکس اور مہنگا ٹیرف واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
عوامی ردِ عمل کے خوف سے واپڈا ملازمین گھر گھر جا کر بل تقسیم کرنے سے ڈرنے لگے، جہلم میں واپڈا ملازم بجلی کے سیکڑوں بل ایک ہوٹل میں پھینک کر فرار ہوگیا۔
دوسری جانب گوجرانوالا ٹریفک پولیس نے بجلی بلوں پر شہریوں کا غصہ دیکھ کرموٹر سائیکل سواروں کا چالان نہ کرکے ریلیف دینے کی کوشش کی۔