گلوکار ابرار الحق اور ایمان علی دوبارہ ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کو تیار

ہم مختلف کہانی کو گانوں میں جگہ دے رہے ہیں، گلوکار کا نیا پنجابی گانا رانو جلد ریلیز کیا جائے گا: ہدایتکار اسد ممتاز — فوٹو: فائل
ہم مختلف کہانی کو گانوں میں جگہ دے رہے ہیں، گلوکار کا نیا پنجابی گانا "رانو" جلد ریلیز کیا جائے گا: ہدایتکار اسد ممتاز — فوٹو: فائل

پاکستانی گلوکار ابرار الحق اور اداکارہ و ماڈل ایمان علی لمبے وقفے کے بعد ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کیلئے تیار ہیں، گلوکار کا نیا پنجابی گانا "رانو" جلد ریلیز کیا جائے گا۔

جیو ڈیجیٹل سے بات چیت کرتے ہوئے گانے کے ہدایتکار اسد ممتاز نے بتایا کہ گانے کی ہیروئن کیلئے 2 سے 3 فنکاراؤں کے نام دیے گئے تھے لیکن ایمان علی کو بطور ہیروئن کاسٹ کرنے کا فیصلہ ابرار الحق کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایمان ایک قابل اور انتہائی سنجیدگی سے کام کرنے والی اداکارہ ہیں اور اس سے قبل بھی ابرارالحق کی البم "میں گڈی آپ چلاواں گا" کے گانے "سانوں تیرے نال " میں جلوہ گر ہوچکی ہیں۔

ہدایتکار اسد ممتاز نے کہا کہ گانے میں ایمان علی چندی گڑھ کی رانو کے کردار میں دکھائی دیں گی،  گانے کی شوٹ ستمبر میں لاہور میں کی جائے گی۔

ایک سوال کہ کیا "رانو" روایتی شوخ و چنچل پنجاب کی لڑکی ہے؟ کے جواب میں اسد کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پٹاخہ قسم کی ہیروئن دکھانے والا ٹائم گزر گیا ہے، اب ہم مختلف کہانی کو گانوں میں جگہ دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :