04 اپریل ، 2023
پاکستان کی مایہ ناز سابقہ ماڈل اور مرحوم اداکار عابد علی کی بڑی صاحبزادی اداکارہ ایمان علی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے لیے انٹرویو دینا انتہائی مشکل ہو گیا ہے کیونکہ ان سے ٹھیک طرح سے بات نہیں کی جاتی جس کی وجہ ان کی بیماری ہے۔
حال ہی میں ایمان علی جیو نیوز کے پروگرام 'ہنسنا منع ہے' کی مہمان بنیں جہاں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی سے اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی پر گفتگو کی۔
تابش ہاشمی نے جب ایمان سے ان کی بیماری سے متعلق سوال کیا تو اداکارہ نے بتایا 'مجھے Multiple sclerosis (MS) ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتا، آپ کو اس کے ساتھ ہی زندگی گزارنے کی عادت ڈالنی پڑتی ہے'۔
ایمان نے کہا 'اس بیماری کو سمجھانا بڑا مشکل ہے، اس میں سب کچھ ہوتا ہے، میری بینائی چلی جاتی ہے، چلا پھرا نہیں جاتا، ابھی ڈیڑھ سال ہوگیا ہے میرے ہاتھ کام نہیں کر رہے، یہ ایسے ہیں جیسے سُن ہو چکے ہیں'۔
انہوں نے کہا 'میں اسے چیلنج کی طرح لے رہی ہوں، بس آپ اپنے سر پر اسے سوار نہ کریں، کئی بیماریاں ہوتی ہیں جو نظر نہیں آتیں'۔
ایمان نے یہ بھی کہا کہ 'میرے لیے انٹرویو دینا بہت مشکل ہے کیونکہ مجھ سے بات نہیں کی جاتی، بات کرتے وقت بولے جانے والے الفاظ ایک دوسرے سے مل جاتے ہیں، مجھے لفظ بھول جاتے ہیں، جیسے اگر ٹیبل ہے تو میں امی سے پوچھتی ہوں کہ وہ کیا ہوتی ہے جس پر ہم بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں، اسی لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ تر اس طرف توجہ نہ دوں اور لوگوں سے مذاق مستی کرتی رہوں'۔
یہ ایک ایسی حالت ہے جو دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کر سکتی ہے جس کی کئی علامات ہوتی ہیں جیسا کہ بینائی کے مسائل، ہاتھوں یا ٹانگوں کی حرکت میں مسئلہ، بولنے میں مسائل وغیرہ۔
یہ بیماری تاحیات رہ سکتی ہے جو بعض اوقات سنگین معذوری کا سبب بنتی ہے، حالانکہ یہ کبھی کبھار معمولی بھی ہوتی ہے۔