Time 01 ستمبر ، 2023
کاروبار

چینی کی کمی مصنوعی ہے، 2 ماہ کیلئے ملک میں ذخائر موجود ہیں: وزارت فوڈ سکیورٹی

وزارت فوڈ سیکورٹی کا کہنا ہے کہ  ملک میں چینی کی کوئی کمی نہیں ہے، یہ کمی مصنوعی ہے  جو کہ  منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کی پیدا کردہ ہے۔

وزارت فوڈ سیکورٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 2 ماہ کیلئے چینی کے ذخائر  وافر مقدار  میں موجود ہیں، ٹریڈنگ کارپوریشن نے چینی درآمد کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی۔

وزارت فوڈ سیکورٹی نے چینی درآمد کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال چینی درآمد کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

اعلامیہ کے مطابق کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع ہو گا، اس وقت ملک میں 1.82 ملین ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم حکومت چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے لاچار نظر آتی ہے۔

 چینی کی سرکاری قیمت 99 روپے فی کلو ہونے کے باوجود لاہور میں چینی پانچ روپے کلو مہنگی ہو کر 175، کوئٹہ میں 175، پشاور، اسلام آباد، فیصل آباد، کراچی اور حیدرآباد میں 170 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے۔

مزید خبریں :