01 ستمبر ، 2023
کراچی کی مختلف تاجر تنظیموں کی جانب سے ناقابل برداشت بجلی کے بلوں کے خلاف آج ہڑتال کے اعلان پر تمام کاروباری مراکز بند کردیے گئے۔
تاجر رہنما الیاس میمن کے مطابق ہڑتال کے سبب کراچی کا کاروبار آج بند ہے، شہر کے وہ بازار جو جلد کھل جاتے ہیں اور جمعے کے بعد کھلنے والی مارکیٹیں بھی بند رہیں۔
تاجر برادری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل اور بجلی کے ٹیرف ناقابل برداشت ہیں ہمارا مطالبہ صرف بجلی کی قیمت کم کرنے کا ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کے بلوں کے ستائے عوام آج بھی ریلیف کے منتظر ہیں، لاہور میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف سرکاری ملازمین بھی احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ میں بجلی، پیٹرول اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں تو وہاڑی میں خواتین بھی بچوں سمیت واپڈا آفس کے سامنے احتجاج کرنے پہنچ گئیں۔
دادو میں بھی تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کرتے ہوئے بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین لالٹین اور کوئلے سے چلنے والی استریاں لے آئے اور بجلی کے بلوں کے ہار بنا لیے۔