02 ستمبر ، 2023
انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں اور دلوں کی دھڑکنیں بڑھنے لگیں، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا آج آمنا سامنا ہوگا۔
روہت الیون کے پاس کوہلی، شبمن گل اور سوریا کمار بیٹنگ کے ہتھیار، پاکستانی شاہین کریں گے بولنگ سے وار۔ بابر، فخر، رضوان، شاداب اور افتخار کے چھکے لگیں گے، شاہین، حارث رؤف اور نسیم شاہ بھارتی بلے بازوں کی وکٹیں اڑائیں گے۔
کل تک خبریں تھیں کہ پالیکلے میں پاک بھارت میچ کے دوران آج بارش کی پیشگوئی ہے لیکن اب تازہ اپ ڈیٹ کے مطابق کینڈی میں موسم بہتر ہوگیاجس کے بعد بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں، موسم کی پیشگوئی کرنے والی مختلف ویب سائٹس پر کینڈی کا موسم بہتر دکھایا جارہاہے۔
پاک بھارت ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستان نیپال کے خلاف پہلی فتح سمیٹ چکا ہے جب کہ اب سب کو دوسری جیت کا انتظار ہے۔
دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما پاکستانی ٹیم کے قدردان ہیں، انہوں نے اس میچ کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا کھیلتی ہوئی آرہی ہے، ایسی ٹیم کے خلاف کھیلنا ایک چیلنج ہے۔
ادھر بابر اعظم میچ اپنے نام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، انہوں نے کہا ہم پر دباؤ نہیں، جیت کا مومنٹم بنا ہوا ہے، کوشش کریں گے کہ مومنٹم کو برقرار رکھیں، تمام کھلاڑی پُرجوش ہیں، سب جانتے ہیں پاکستان اور بھارت کا میچ زبردست ہوتا ہے۔