Time 02 ستمبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

جوان نظر آنے کیلئے چوتھی بار بوٹوکس کے انجیکشن لگوائے ہیں: شگفتہ اعجاز

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اور ورسٹائل اداکارہ شگفتہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں اپنی زندگی میں چوتھی بار خوبصورت اور جوان نظر آنے کے لیے بوٹوکس کے انجیکشنز لگوائے ہیں۔

شگفتہ اعجاز کا شمار ڈرامہ انڈسٹری کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو خوبصورت شخصیت کی مالک ہیں، اب اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ خود کو پرکشش دکھانے کے لیے انجیکشن لگواتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جو انسٹاگرام پر وائرل ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ بوٹوکس انجیکشن لگوانا انسان کی اپنی مرضی ہے، کچھ کروانا چاہتے ہیں اور کچھ لوگ نہیں کروانا چاہتے، کچھ لوگ بتاتے ہیں اور کچھ پوشیدہ رکھتے ہیں، میں نے یہ ضروری سمجھا کہ میں اپنے پروسیجرز کے بارے میں اپنے مداحوں کو بتاؤں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اس بات کی قائل ہوں کہ اگر آپ کوئی چیز کرواتے ہیں تو اس بارے میں ایماندار رہیں، بہت سے لوگ کروارہے ہیں لیکن وہ بتاتے نہیں ہیں، میں نے اپنی زندگی میں چوتھی بار بوٹوکس کے انجیکشن لگوائے ہیں۔

شگفتہ اعجاز نے ویڈیو میں انجیکشن لگوانے کے بعد اپنے چہرے سے غائب ہوتی جھریاں بھی دکھائیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں بوٹوکس کے انجیکشن لگوانے کے بعد چہرے پر کئی عرصے تک کچھ نہیں کرواتی، اگر مجھے لگتا ہے کہ ڈرامے میں کسی کردار کے لیے چہرے پر جھریاں چاہئیں تو میں سالوں تک نہیں کرواتی لیکن کچھ عرصے بعد دوبارہ دل چاہتا ہے کہ کوئی پروسیجر کروالیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اداکارہ صبا فیصل بھی اعتراف کرچکی ہیں کہ وہ خوبصورت  نظر آنے کے لیے بوٹوکس کے انجیکشن لگوانے سمیت دیگر طریقے استعمال کرتی ہیں۔

مزید خبریں :