20 جولائی ، 2022
سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے پہلی مرتبہ اپنی دوسری شادی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں میزبان اداکارہ فضا علی نے شگفتہ اعجاز سے ان کی ذاتی زندگی پر سوال کرتےہوئے پوچھا کہ کیا آپ کی دوسری شادی لو میرج تھی یا والدین کی پسند سے ہوئی تھی؟
اداکارہ نے جواب دیا کہ 'یہ ایک مکسچر تھا، میرے شوہر نے مجھے شادی کی پیشکش کی لیکن میں کافی عرصے تک الجھن کا شکار رہی، میں اپنی بچی کی اکیلے پرورش کررہی تھی تو مجھے لگتا تھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے'۔
شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ 'میرے شوہر یحییٰ صدیقی اپنی بات پر قائم رہے اور میرے معاملے میں ثابت قدم رہے، انہوں نے ٹھان لی تھی کہ اسی سے شادی کرنی ہے، میں نے شادی کی پیشکش قبول کرنے میں 2 سال کا وقت لیا '۔
خیال رہے کہ شگفتہ اعجاز کی 4 بیٹیاں ہیں، اداکارہ کی پہلے شوہر سے ایک بیٹی عنیا علی ہے جب کہ دوسرے شوہر سے تین بیٹیاں حیا صدیقی، ایمان صدیقی اور نبیہا صدیقی ہیں۔
واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز کو ڈرامہ ’میرے قاتل میرے دلدار‘ کے لیے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے، اداکارہ کی کامیابیوں کا سفر’کاظم پاشا‘ کی مقبول ٹیلی ویژن سیریز ’جانگلوس‘ سے شروع ہوا جس کے بعد انہوں نے پیچھے مُڑ کر نہ دیکھا۔