Time 02 ستمبر ، 2023
کھیل

پورٹر حسن کی موت کی انکوائری مکمل، رپورٹ میں نارویجن خاتون کوہ پیما کا ذکر تک نہیں

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران پورٹر محمد حسن کی موت کے حوالے سے کی گئی انکوائری مکمل کرلی گئی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے انکوائری رپورٹ صوبائی حکومت کو بھیج دی جس میں نارویجن خاتون کوہ پیما کاذکر تک نہیں کیا گیا۔

نارویجن خاتون کوہ پیما پر مرتے ہوئے پورٹر کی مدد کے بجائے سمٹ پر جانے کا الزام تھا۔

انکوائری رپورٹ میں پورٹر کی موت کی ذمہ داری کسی فرد پر عائد نہیں کی گئی اور کہا گیا ہے کہ  شدید سردی میں دیر تک لٹکتے رہنے، ناکافی وردی اور برفانی طوفان پورٹر کی موت کا سبب بنی۔

رپورٹ کے مطابق ایک غیر ملکی کوہ پیما مسٹر گیبریل ٹارسو نے پورٹر محمد حسن کو بچانے کی پوری کوشش کی۔

کمیٹی نے سفارشات دیں کہ کوہ پیما مسٹر گیبریل ٹارسو کو تعریفی اسناد دی جائے اور کوہ پیمائی کے قواعد و ضوابط 1999 میں ترمیم کی جائے۔

رپورٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ جاں بحق پورٹر کا نام انشورنس لسٹ میں شامل نہ کرنے پر ٹور آپریٹر پر پابندی عائد کی جائے۔

خیال رہے کہ 27 جولائی کو پورٹر محمد حسن کے ٹو مہم جوئی کے دوران بوٹل نیک پر جاں بحق ہوگیا تھا، کوہ پیماؤں پر پورٹر کی بروقت مدد نہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

کوہ پیماؤں پر آخری سانسیں لیتے محمد حسن کے اوپر سے گزرکر جانے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔

مزید خبریں :