Time 03 ستمبر ، 2023
کاروبار

آئی ایم ایف کا مذاکراتی ٹیم کو ٹف ٹائم، بجلی بلوں میں ریلیف کا وعدہ پورا نہ ہو سکا

آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں کو مؤخر کرنے کی پاکستان کی درخواست پر تاحال مکمل طور پر منظوری نہیں دی: ذرائع۔ فوٹو فائل
 آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں کو مؤخر کرنے کی پاکستان کی درخواست پر تاحال مکمل طور پر منظوری نہیں دی: ذرائع۔ فوٹو فائل

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی جانب سے عوام کو بجلی کے بلوں میں جلد ریلیف کی فراہمی کا وعدہ اب تک پورا نہ ہو سکا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عوام سے ریلیف کا وعدہ کیا تھا لیکن اعلیٰ سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں کو مؤخر کرنے کی پاکستان کی درخواست پر تاحال مکمل طور پر منظوری نہیں دی۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے وزارت خزانہ اور وزارت توانائی کو سوالات بھیجے گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا، آئی ایم ایف پاکستانی مذاکرات کاروں کو ٹف ٹائم دے رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستانی حکام کا آئی ایم ایف کے ساتھ بجلی بلوں کی ادائیگی کے فارمولے پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے لیکن پاکستان کی جانب سے اہداف کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی کیونکہ پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروا رکھی ہے۔

یاد رہے کہ بجلی بلوں کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے احتجاج پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی کابینہ کے اجلاس طلب کیے تھے اور اپنے بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ بجلی بلوں کا معاملہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے، عوام کو جلد ریلیف دیں گے۔

اس حوالے سے نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے آئی ایم ایف حکام سے ورچوئل ملاقات بھی کی تھی جس میں انہوں نے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف ہونے والے احتجاج اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کی تھیں، آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے اس حوالے سے تحریری پلان طلب کیا گیا تھا۔  

مزید خبریں :