Time 05 ستمبر ، 2023
کھیل

ایشیا کپ: سری لنکا کی جیت کیساتھ سپر فور مرحلے کی لائن اپ مکمل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سری لنکا کی ایشیا کپ کے آخری گروپ میچ میں افغانستان کے خلاف کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے سپر فور مرحلے کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔

منگل کو ایشیا کپ ون ڈے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 2 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 291 رنز اسکور کیے، کوشل مینڈس 92 رنز بناکر نمایاں رہے۔

تاہم افغانستان ٹیم سری لنکا کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 289رنز بناسکی۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک ایک ایک میچ کھیل چکی تھیں جس میں سری لنکا کو فتح جب کہ اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو بنگلادیش سے شکست ہوئی تھی۔

 افغانستان کو سپر فور مرحلے میں پہنچنے کے لیے بہتر رن ریٹ کے ساتھ جیتنا تھا،سری لنکا کا دیا ہوا ہدف افغانستان کو 37.1 اوورز میں پورا کرنا تھا۔تاہم افغانستان کی ٹیم 37.4 اوورز میں 289 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

سری لنکا کی جیت کے ساتھ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کی لائن اپ مکمل ہوگئی اور اگلے مرحلے کے میچز کا شیڈول بھی واضح ہوگیا۔

گروپ اے سے پاکستان اور بھارت جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایشیا کپ کے اگلےمرحلے میں پہنچی ہیں۔

فوٹو: اسکرین شاٹ جیو سپور
فوٹو: اسکرین شاٹ جیو سپور

سپرفور مرحلے کے میچز 6 سے 15 ستمبر تک ہوں گے جبکہ 17 ستمبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کولمبو میں کھیلا جائےگا۔

سپر فور مرحلے کا شیڈول

  • 6 ستمبر : پاکستان بمقابلہ بنگلادیش،مقام لاہور
  • 9 ستمبر: بنگلادیش بمقابلہ سری لنکا، مقام کولمبو
  • 10 ستمبر: پاکستان بمقابلہ بھارت، مقام کولمبو
  • 12 ستمبر: بھارت بمقابلہ سری لنکا، مقام کولمبو
  • 14 ستمبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا، مقام کولمبو
  • 15 ستمبر: بھارت بمقابلہ بنگلادیش، مقام کولمبو

دوسری جانب ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

قومی ٹیم میں اوپنر امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، افتخار احمد، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :