05 ستمبر ، 2023
ایشیا کپ ون ڈے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 2 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 291 رنز اسکور کیے، کوشل مینڈس 92 رنز بناکر نمایاں رہے۔
تاہم افغانستان ٹیم سری لنکا کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 289رنز بناسکی۔
جیت کے ساتھ ہی گروپ بی میں ٹاپ کرتے ہوئے 4 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا بنگلادیش کے ساتھ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک ایک ایک میچ کھیل چکی تھیں جس میں سری لنکا کو فتح جب کہ اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو بنگلادیش سے شکست ہوئی تھی۔
افغانستان کو سپر فور مرحلے میں پہنچنے کے لیے بہتر رن ریٹ کے ساتھ جیتنا تھا،سری لنکا کا دیا ہوا ہدف افغانستان کو 37.1 اوورز میں پورا کرنا تھا۔تاہم افغانستان کی ٹیم 37.4 اوورز میں 289 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور ساتھ ہی ایونٹ میں اس کا سفر ختم ہوگیا۔
سری لنکا کی اننگز
افغانستان کے خلاف سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 63 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، تاہم پھر کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد نیسنکا بھی 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کو تیسرا نقصان ساماراوکرما کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 3 رنز بناسکے۔تاہم اس کے بعد کوشل مینڈس اور آسالنکا کے درمیان 102رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
لیکن پھر آسالنکا 36 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد ڈی سلوا بھی 14 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، ایسے میں کوشل مینڈس نے ذمہ درانہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی 92 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
اختتامی اوورز میں والیلاگے اور تھکشانا نے شاندار بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور291 رنز تک پہنچایا۔ والیلاگے نے 33 اور تھکشانا نے 28 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 3، راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی اننگز
افغانستان کو معلوم تھا کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچنے کے لیے انہیں سری لنکا کا 292 رنز کا ہدف37.1 اوورز میں حاصل کرنا ہے۔
یہی وجہ تھی کہ افغانستان نے اپنی پوری اننگز میں وکٹیں گرنے کے باوجود جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک موقع پر تو یوں لگ رہا تھا کہ افغان بیٹر مطلوبہ ہدف حاصل کرہی لیں گے۔
افغانستان ٹیم کا آغاز تو اچھا نہ ہوا تھا، 27 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے تھے، رحمان اللہ گرباز 4 اور ابراہیم زادران 7 رنز بناسکے۔اس کے علاوہ گلبدین نائب 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
3 وکٹیں گرنے کے باوجود افغان بیٹرز نے جارحانہ شاٹس مارنا جاری رکھے، ایسے میں رحمت شاہ نے 40 گیندوں پر 45 رنز بنائے تاہم وہ بھی 121 کے مجموعی اسکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ایسے میں کپتان حشمت اللہ شاہدی اور محمد نبی نے ٹیم کو سنبھالا اور برق رفتار اننگز سے افغانستان کو سپر فور مرحلے میں پہنچانے کی امید دلائی۔
محمد نبی نے 5 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر دھواں دار 65 رنز بنائے جبکہ کپتان حشمت اللہ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف سنچری اسکور کی۔
لیکن پھر سری لنکن بولرز نے شاندارکم بیک کیا اور سیٹ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پہلے نبی 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور پھر نئے آنے والے بیٹر کریم جنت بھی 13 گیندوں پر 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کپتان حشمت اللہ بھی 59 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اختتامی اوورز میں نجیب اللہ زادران اور راشد خان نے افغانستان کو اور ایک بار پھر سپر فور مرحلے میں پہنچنے کی امید دلائی لیکن یہ دونوں بیٹرز بھی یہ کمال نہ کرسکے۔
نجیب اللہ 15 گیندوں پر 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ راشد خان 16 گیندوں پر 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں افغانستان کی پوری ٹیم 37.4 اوورز میں 289 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور سری لنکا نے ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گروپ اے سے پاکستان اور بھارت جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلادیش ایشیا کپ کے اگلےمرحلے میں پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائےگا، ایونٹ کے 9 میچز سری لنکا اور 4 میچز پاکستان میں ہوں گے۔
سپر 4 پلے آف کے میچز 6 سے 15 ستمبر تک ہوں گے جبکہ 17 ستمبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کولمبو میں کھیلا جائےگا۔