08 ستمبر ، 2023
بھارت کی متنازع شخصیت اور بے باک اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید کا کہنا ہے کہ کبھی کسی لڑکے نے مجھ سے تعلق بنانے کی کوشش بھی نہیں کی کیوں کہ لڑکے مجھ سے ڈرتے ہیں اور میں کسی کے ساتھ کوئی رشتہ بنانا ہی نہیں چاہتی۔
ماڈل و اداکارہ عرفی جاوید حال ہی میں بی بی سی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئیں جس دوران انھوں نے گھر سے بھاگ جانے سمیت اپنے کیرئیر کے دوران پیش آنے والے حالات و واقعات پر گفتگو کی۔
مجھے بچپن سے ہی ایسے کپڑے پہننے کا شوق تھا : عرفی
اپنی ڈریسنگ سے متعلق عرفی کا کہنا تھا کہ مجھے بچپن سے ہی ایسے کپڑے پہننے کا شوق تھا لیکن گھر پر مجھے ایسے کپڑے پہننے کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی میرے پاس ایسے کپڑے تھے لیکن جب بھی گھر سے جیکٹ پہن کر نکلتی تھی اور پھر باہر جا کر کھول دیتی تھی۔
عرفی نے گھر سے تینوں بہنوں کے ایک ساتھ بھاگنے سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم تینوں بہنوں سے پوچھا جائے تو تینوں ہی کہیں گی یہ ہمارا پلان تھا، میں بھی یہی کہوں گی کہ گھر سے بھاگنے کا پلان میرا تھا اس بات پر ہم بہنیں آج تک لڑتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد اچھے نہیں تھے زہریلے تھے اور روز مارتے پیٹتے تھے،گالیاں دیتے تھے، دراصل میں اپنی جان بچانے کیلئے گھر سے بھاگی تھی، میرے دماغ میں ہرگز یہ نہیں تھا کہ میں وہاں سے بھاگ کر ہیروئن بننا چاہتی تھی، میں گھر سے زندہ رہنے کیلئے بھاگی تھی۔
بھارتی ماڈل کے مطابق ممبئی آنے کے بعد یہاں پیش آنے والے حالات نے مجھے اعتماد دیا، جب میں گھر سے بھاگی تھی تو میرے پاس پیسے بھی نہیں تھے، ٹیوشن بھی پڑھایا، ممبئی آکر میں اپنی مرضی سے زندگی جی رہی تھی، ہیروئن بننے کا شروع سے شوق تھا لہذا خوبصورت نظر آنے کیلئے جلد ہی سرجریز بھی کروا لیں۔
خود پر کی جانے والی تنقید پر عرفی جاوید نے کہا کہ آپ کسی کو اتنی اہمیت ہی کیوں دو کہ آپ کو ان کی تنقید محسوس ہو، منفرد ڈریسنگ سے متعلق عرفی نے بتایا کہ مجھے ایک سوٹ ڈیزائن کرنے میں ایک ہفتہ کبھی کبھی مہینوں بھی لگ جاتے ہیں۔
غیر اخلاقی سین زبردستی شوٹ کروانے کیلئے سیٹ پر میرے کپڑے پھاڑ دیے گئے: عرفی
ایک سوال کے جواب میں عرفی نے بتایا کہ مجھے ایک ویب سیریز میں کام کے دوران غیر اخلاقی سین ریکارڈ کروانے کیلئے ہراسگی کا سامنا بھی کرنا پڑا، میں شروع سے ہی فلم مینجمنٹ کو یہ بتاچکی تھی میں کوئی بھی غیر اخلاقی سین ریکارڈ نہیں کرواؤں گی لیکن اس کے باوجود سیٹ پر پہنچتے ہی مجھ پر ایسے سین شوٹ کروانے کیلئے زبردستی کی گئی حتیٰ کہ سیٹ پر میرے کپڑے بھی پھاڑ دیے گئے جس کے 3 دن بعد میں نے پولیس میں جاکر مقدمہ درج کروایا اور فلم کے ہدایتکار اور پروڈیوسر کو گرفتار کروا دیا۔
رشتہ بنانے سے متتعلق سوال پر عرفی کا کہنا تھا کہ لڑکوں نے کبھی نزدیک آنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ لڑکے مجھ سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی میں کوئی رشتہ بنانے کے حق میں ہوں۔