09 ستمبر ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خیبرپختونخوا (کے پی) میں حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیوں کیلئے 3 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کے پی میں حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کے تحت کارروائیوں کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، ٹیم کا انچارج انسپیکٹر لیول کا آفیسر ہوگا جبکہ ہر ٹیم میں 5 ارکان سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی شامل ہوں گے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ ٹیمیں صوبہ بھر میں ڈالر اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے منسلک افراد کی گرفتاری یقینی بنائیں گی اور ان کے خلاف فارن ریگورلائیزیشن ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج ہوں گے۔
ایف آئی اے حکام نے پشاور، مردان، صوابی اور سوات کو غیرقانونی حوالہ ہنڈی کاروبار اور ڈالر اسمگلنگ کا ہاٹ سپاٹ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ نگران حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو امریکی ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اختیارات تفویض کردیے ہیں۔
نگران وزیرِ داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد ایف آئی اے کو کارروائیوں کے احکامات جاری کیے گئے جس کا مراسلہ بھی جاری کردیا گیا۔
مراسلے کے مطابق امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی کی تمام ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کارروائی کرسکے گی۔