09 ستمبر ، 2023
سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وکلا نے سیکریٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے آج رخصت پر جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں شامل وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ صرف چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے انصاف کے دروازے بند ہیں۔
انتظار پنجوتھا کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کو جب سزا دینی تھی تو ٹرائل کورٹ نے 5 دن میں فیصلہ سنایا، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں حاصل سہولیات کی جعلی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا کل جج ابوالحسنات ذوالقرنین ریمانڈ دینے آگئے لیکن آج چھٹی پر چلے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف نہ دینا اور درخواست ضمانت پر سماعت نہ کرنا ظلم ہے۔
نعیم پنجوتھا نے کہا سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا جائے۔
یاد رہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل نے عمران خان کو حاصل سہولیات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں نیا باتھ روم، کرسی اور دیگر سہولیات دی گئی ہیں۔