10 ستمبر ، 2023
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں اور تصور کیا جا سکتا ہے کہ اگر وہ کسی ہوٹل کا رخ کریں تو وہاں کے بہترین پکوان کھانا پسند کریں گے۔
مگر جب بل گیٹس نے اسپین کے ایک مقبول اور مہنگے ترین ریسٹورنٹ کو پورے 2 دن کے لیے بک کرایا تو وہاں انہوں نے جو آرڈر دیا، وہ دنگ کر دینے والا تھا۔
اسپین کے معروف شیف جورڈی کروز نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ کچھ عرصے قبل بل گیٹس نے ان کا ایوارڈ یافتہ ریسٹورنٹ 2 دن کے لیے بک کرایا تھا۔
وہ اس ریسٹورنٹ میں اپنے محافظوں اور دیگر افراد کے ساتھ پہنچے مگر انہوں نے وہاں جو آرڈر دیا، اس نے شیف کو دنگ کر دیا۔
جورڈی کروز نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ 'کچھ عرصے قبل بل گیٹس ہمارے ریسٹورنٹ آئے اور ان کے ساتھ 25 محافظ اور دیگر افراد تھے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'بل گیٹس نے پورا ریسٹورنٹ اپنے لیے بک کرالیا جس کے بعد ہم نے اپنے بہترین پکوان مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور ان کی ٹیم کے لیے تیار کیے، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ بل گیٹس نے کیا آرڈر دیا؟ انہوں نے ایک ڈائٹ سافٹ ڈرنک منگوائی اور اپنے طیارے میں واپس چلے گئے'۔
جورڈی کروز کے مطابق بل گیٹس نےریسٹورنٹ کو پورے 2 دن تک اپنے لیے مختص رکھا اور اس دوران ان کی ٹیم کے افراد وہاں آکر کھانا کھاتے رہے۔
جب جورڈی کروز سے پوچھا گیا کہ کیا بل گیٹس نے ریسٹورنٹ میں کسی پکوان کو چکھا؟ تو ان کا جواب بالکل نہیں۔
اس ریسٹورنٹ کے پکوان اسپین میں بہت زیادہ مشہور ہیں مگر بل گیٹس عموماً سادہ کھانا پسند کرتے ہیں جبکہ دوپہر کے کھانے کے لیے انہیں برگر کھانا پسند ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر Joe Cerrell کے مطابق اگر آپ کی ملاقات دوپہر کے کھانے میں بل گیٹس سے ہوتی ہے تو آپ کو برگر کھانا ہوں گے۔
بل گیٹس ڈائٹ مشروبات کو بھی بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور سفر کے دوران ان کے ہوٹل کے کمرے میں ایسے مشروبات کا ذخیرہ موجود ہوتا ہے۔
کچھ سال پہلے بل گیٹس نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا تھا کہ 'جب میں دفتر میں ہوتا تھا تو دن بھر میں 3 سے 4 ڈائٹ مشروبات پی لیتا تھا'۔