Time 04 اگست ، 2023
صحت و سائنس

وہ عام ترین عادت جسے بل گیٹس نے طاقتور اور تیز دماغ کے لیے اہم ترین قرار دیا

بل گیٹس / فائل فوٹو
بل گیٹس / فائل فوٹو

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں اور اب انہوں نے دماغ کو صحت مند اور تیز بنانے کا آسان ترین طریقہ بتایا ہے۔

ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے بل گیٹس نے اس بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ مائیکرو سافٹ کو سنبھال رہے تھے تو نیند پر توجہ نہیں دیتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں اپنے ساتھیوں کو بتاتا تھا کہ میں صرف 6 گھنٹے سوتا ہوں، تو ان کا جواب ہوتا تھا کہ ہم تو صرف 5 گھنٹے سوتے ہیں اور کئی بار تو سوتے ہی نہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں اس وقت سوچتا تھا کہ زبردست یہ سب تو بہت اچھے ہیں، مجھے بھی سخت کوشش کرنا ہوگی کیونکہ نیند تو سستی کی نشانی ہونے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری ہے'۔

مگر جب بل گیٹس کے والد الزائمر امراض کے شکار ہوئے تو انہوں نے دماغی صحت کے بارے میں جاننا شروع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'الزائمر سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے اچھی نیند بہت زیادہ اہم ہوتی ہے، درحقیقت اس سے ہی دماغی تنزلی کے امراض کی پیشگوئی کی جا سکتی ہے'۔

اس کے بعد بل گیٹس نے اچھی نیند کو یقینی بنانا شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ہر رات کم از کم 7 گھنٹے سوتے ہیں اور اپنے 'سلیپ اسکور' کو روزانہ چیک کرتے ہیں۔

سلیپ اسکور سے مراد نیند کا دورانیہ اور معیار ہے۔

انہوں نے یہ واضح تو نہیں کیا کہ وہ کس طرح سلیپ اسکور کو چیک کرتے ہیں مگر ان کا کہنا تھا کہ طاقتور اور تیز دماغ کے لیے اچھی اور معیاری نیند انتہائی ضروری ہے۔

خیال رہے کہ 2021 میں شائع ہونے والی ہارورڈ میڈیکل اسکول کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جو افراد 5 گھنٹے سے کم وقت تک سونے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں ڈیمینشیا یا جلد موت کا خطرہ 6 گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے مطابق 20 سے 64 سال کی عمر کے افراد کو بہترین جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے ہر رات 7 سے 9 گھنٹوں کی نیند کو یقینی بنانا چاہیے۔

مزید خبریں :