10 ستمبر ، 2023
کولمبو میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پاک بھارت ٹاکرے میں تماشائیوں کی جانب سے عدم دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔
ایشیا کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے پاک بھارت میچ میں تماشائیوں کی اب تک تعداد کم رہی ہے جس کی وجہ سے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی کم کر دی گئی ہیں۔
آر پریما داسا اسٹیڈیم کے سی اور ڈی اپر بلاک کی قیمت 1000 روپے جبکہ سی اور ڈی لوئر بلاک کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) کے مطابق ٹکٹوں میں کمی کا اطلاق پاکستان بھارت کے آج کے میچ پر بھی ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل کا مزید کہنا ہے کہ ٹکٹوں میں کمی کا اطلاق فائنل کے لیے نہیں ہو گا۔
ایشیا کپ ون ڈے سپر فور مرحلے کے بڑے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بولنگ کا فیصلہ پچ دیکھ کر کیا ہے، پلیئرز فارم میں ہیں اور ہر میچ کو نیا سمجھ کر کھیلتے ہیں۔