Time 11 ستمبر ، 2023
پاکستان

صدر عارف علوی کی جانب سے کسی بھی وقت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان

وزارت قانون کی رائے ہے کہ الیکشن تاریخ کا اعلان کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے،ذرائع— فوٹو:فائل
وزارت قانون کی رائے ہے کہ الیکشن تاریخ کا اعلان کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے،ذرائع— فوٹو:فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے کسی بھی وقت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عارف علوی کسی بھی وقت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ صدر مملکت کی وزیرقانون سے ملاقات میں الیکشن تاریخ کے اعلان پر بات ہوئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت قانون کی رائے ہے کہ الیکشن تاریخ کا اعلان کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔

دوسری جانب ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت کے الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق تاثر غلط ہے، صدرمملکت کی الیکشن سےمتعلق مشاورت جاری ہے۔

اُدھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ عارف علوی صدارتی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں، بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ منتقل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گرد الیکشن نہیں ملک میں معاشی، سیاسی اور آئینی بحران چاہتے ہیں، ملک میں امن اور استحکام جیل میں بیٹھے ریاستی اور معاشی دہشت گرد سے برداشت نہیں ہو رہا۔

لیگی رہنما عطا تارڑ کا کاہنا ہے کہ صدرپاکستان کے عہدے کی معیاد 9 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے، وہ عبوری صدر ہیں، انہیں اختیار کس نےدیا کہ الیکشن کی تاریخ دےدیں؟  عبوری صدر نئے صدر کی تعیناتی تک عہدے پر برقرار رہتےہیں۔

مزید خبریں :