06 ستمبر ، 2023
اسلام آباد: پاکستان کا سیاسی منظر نامہ ایک پل تولہ ایک پل مانسہ کے مصداق ہرسو رنگ بدلتا ہے۔ ایوان صدر 5 روز قبل ( جمعہ کو ) ہونیوالی اہم ملاقاتوں کے بعد بظاہر پرسکون اور خاموش ہے۔
جمعہ کو دو اہم شخصیات کی ملاقات کے بعد حکومت کی جانب سے وزیر قانون کی ملاقات اسلئے ضروری اور خصوصی اہمیت کی حامل تھی کہ صدر مملکت الیکشن کی تاریخ دینے کے آئینی اختیار کواستعمال کرنے کے حق میں تھے۔
تاہم انہیں یقین دلایا گیا کہ انتخابات کے انعقاد میں ایک لمحے کی تاخیر بھی نہیں ہوگی الیکشن کمیشن کو تمام ضرور ی وسائل فراہم کئے جارہے ہیں ۔
الیکشن کمشنر کی ہدایت پر صوبوں کی انتظامیہ کے سینئر افسروں کو تبدیل کیا جارہا ہے، سیاسی تقرریاں ختم کی جارہی ہیں اور تمام سیاسی پارٹیوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ تیار ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان صدر میں پھیلی ہلچل، سکون میں بدل گئی ہے، صدارتی چیمبر سے ریکارڈ ہٹالیا گیا جس میں بتایا گیا تھا کہ ماضی کے فیصلوں کی نظیریں موجود تھیں کہ صدر مملکت ہی الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرتے رہے۔
اسلام آباد کے کچھ حلقے رواں ماہ حالات بدلنے اور بعض اہم تبدیلیوں کے اشارے دینے لگے ہیں، تین روز بعد صدر عارف علوی عہدہ صدارت کی میعاد مکمل کر رہے ہیں۔