11 ستمبر ، 2023
ہالینڈ میں پاکستان کے سابق کرکٹر خالد لطیف کو 12 سال قیدکی سزا سنا دی گئی، خالد لطیف پر لوگوں کو اسلام مخالف ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر اُکسانےکا الزام ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہالینڈ کی عدالت نے پاکستان میں مقیم خالد لطیف کی غیر موجودگی میں انہیں سزا سنائی، خالد لطیف کسی بھی موقع پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنے اور نہ ہی سزا کے اعلان کے وقت وہ ہالینڈ میں موجود تھے۔
ڈچ پراسیکیوٹر کے مطابق خالد لطیف نے 2018 میں آن لائن ویڈیو میں گیرٹ وائلڈرز کے قتل پر 23 ہزار ڈالر (اس وقت کے 30 لاکھ پاکستانی روپے) انعام دینےکا اعلان کیا تھا۔
ڈچ عدالت نے 37 برس کے سابق پاکستانی بلے باز کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے الفاظ کو ’قتل پر اُکسانے کے مترادف اور دھمکی آمیز‘ قرار دیا۔
خالد لطیف نے دائیں بازو کے اسلام مخالف ڈچ سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے اعلان کے بعد یہ ویڈیو پوسٹ کی تھی۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ ہالینڈ کی عدالت کی سزا کے حوالے سے خالد لطیف سے ابھی کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
خیال رہےکہ پاکستان کے لیے 5 ون ڈے اور 13 ٹی 20 کھیلنے والے خالد لطیف پر 2017 میں پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام پر کرکٹ کھیلنے پر 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔