12 ستمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے بھارت سے پاکستان کی بڑی شکست کو سبق قرار دیا ہے۔
پیر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی، بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے، اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234 رنز سے ہارا تھا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے گرانٹ بریڈ برن نے اس میچ میں پاکستان کی کمزوریوں سے متعلق بات کی۔
ہیڈ کوچ نے کہا 'اس شکست کا دفاع کرنے کے لیے کوئی بہانے نہیں بنائیں گے، جو مواقع ہم نے کھوئے اس پر نظر ثانی کریں گے لیکن ذاتی طور پر میرا خیال ہے کہ جو کچھ پچھلے دو دن میں ہمارے ساتھ ہوا وہ ایک تحفہ ہے'۔
اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے گرانٹ بریڈبرن نے کہا کہ 'ہم اس تحفے کے لیے شکرگزار ہیں کیونکہ ورلڈکپ سے قبل اس اسٹیج پر بھارت کے ساتھ کھیلنا ہمارے لیے اچھا موقع ہے، ہمیں ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ بھارت کے نمبر ون کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں'۔
انہوں نے کہا 'ایشیا کپ کی کنڈیشنز ورلڈکپ کی کنڈیشنز سے ملتی جلتی ہوں گی، اسی لیے یہ ہمارے لیے سیکھنے کا اچھا موقع ہے'۔
بریڈ برن نے مزید کہا کہ 'ہم نے گزشتہ 3 ماہ سے کوئی میچ نہیں ہارا، بھارت سے شکست ہمارے لیے یاد دہانی اور سبق ہے کہ ہم جب بھی گراؤنڈ میں ہوں تب خود کو مکمل اور بھرپور تیار رکھیں اور اپنی طرف سے بہترین دیں'۔