پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2023

عمران خان کا دفاع کرنے پر پی پی نے لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

لطیف کھوسہ نے پارٹی کی اجازت لیے بغیر دوسری جماعت کے سربراہ کا دفاع کیا: نوٹس میں 7 روز میں جواب طلب/ فائل فوٹو
لطیف کھوسہ نے پارٹی کی اجازت لیے بغیر دوسری جماعت کے سربراہ کا دفاع کیا: نوٹس میں 7 روز میں جواب طلب/ فائل فوٹو

لاہور: پیپلز پارٹی نے پارٹی رہنما اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے جاری کیا جس میں لطیف کھوسہ سے 7 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

لطیف کھوسہ کو جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہےکہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن لطیف کھوسہ نے پارٹی کی اجازت لیے بغیر دوسری جماعت کے سربراہ کا دفاع کیا، وکلا کے فنکشن میں سائفر معاملے پر آپ نے ریاستی پالیسی پر تنقید کی، بتائیں کہ آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہےکہ 7 روز  میں شوکاز نوٹس کا جواب دیں اور جواب نہ دینے کی صورت میں آپ کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے گی۔

واضح رہےکہ پی پی رہنما اور ماہر قانون لطیف کھوسہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل ہیں، لطیف کھوسہ پی پی دور میں گورنر پنجاب اور اٹارنی جنرل کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :