14 ستمبر ، 2023
بھارتی ریاست کیرالہ میں نیپا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے ریاست میں نیپا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق کی ہے جس کے بعد کیرالہ میں وائرس کے کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ نجی اسپتال کے 24 سالہ ہیلتھ ورکر میں نیپا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزیر صحت کے مطابق نیپا وائرس کی تشخیص کے لیے 706 افراد کی کانٹیکٹ لسٹ ہے جن میں سے 77 افراد ہائی رسک ہیں اور ان میں 153 ہیلتھ ورکرز شامل ہیں جب کہ ہائی رسک پر رکھے جانے والے افراد میں وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ اس کے علاوہ 13 افراد کو اسپتال میں آبزرویشن پر رکھا گیا ہے جنہوں نے سر درد کی شکایت کی ہے جب کہ حکومت نے ہائی رسک افراد کو گھروں میں رہنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔
بھارتی میڈیا کےمطابق کیرالہ کی حکومت نے وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات کے لیے 19 کور کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دماغ کو نقصان پہنچانے والے اس وائرس سے حال ہی میں 2 اموات ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 4 ہے۔
نیپا وائرس کیا ہے؟
عالمی ادارہ صحت کے مطابق نیپا وائرس جانوروں سے لگنے والا ایک وائرس ہے جب کہ وائرس مضر کھانوں اور متاثرہ شخص سے بھی لگتا ہے، کبھی کبھار وائرس میں مبتلا شخص میں اس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں تاہم کبھی کبھار متاثرہ شخص کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، یہ وائرس دماغ کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔
علامات ظاہر ہونے کا دورانیہ
عالمی ادارہ صحت کے مطابق نیپا وائرس سے متاثرہ شخص میں 4 سے 14 روز میں علامات ظاہر ہوتی ہیں جب کہ بعض کیسز میں یہ علامات 45 روز میں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔