14 ستمبر ، 2023
موجودہ عہد میں بیشتر افراد پیزا بہت شوق سے کھاتے ہیں مگر کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ اس کے درمیان میں ایک میز جیسی چیز موجود ہوتی ہے جس کی 3 ٹانگیں ہوتی ہیں؟
کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ تپائی یا چھوٹی میز آپ کے پیزا کے لیے کتنی اہم ہوتی ہے اور اسی وجہ سے آپ اس کے ذائقے سے حقیقی معنوں میں لطف اندوز ہو پاتے ہیں؟
جی ہاں واقعی اس پلاسٹک کی میز کا نام ہی پیزا سیور ہے اور یہ سجاوٹ یا پیزا کے ٹکڑوں کو جوڑنے کا کام نہیں کرتی۔
یہ آپ کے پیزا کو ڈبے سے پچکنے سے بچانے کا کام کرتی ہے تاکہ اوپر موجود اشیا گتے سے چپک کر ضائع نہ ہو جائیں۔
گرم پیزا کو ڈبے میں رکھا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ڈبا نمی کے باعث نیچے کی جانب جھک جاتا ہے۔
اگر پیزا سیور درمیان میں موجود نہ ہو تو ڈبا پنیر اور دیگر اشیا سے چپک جاتا ہے۔
ماضی میں اکثر پیزا اس وجہ سے خراب ہو جاتے تھے اور 1980 کی دہائی میں نیویارک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے یہ حل پیش کیا۔
انہوں نے پلاسٹک کی تپائی کا خاکہ تیار کیا تاکہ ڈبے کو پیزا کے اوپر چپکنے سے روکا جا سکے اور 1985 میں اس کا پیٹنٹ درج کرایا۔
انہیں یہ خیال اس وقت آیا جب گھر منگوائے جانے والے بیشتر پیزا گتے کے باعث خراب ہو جاتے تھے۔
انہوں نے اپنے پیٹنٹ میں لکھا تھا کہ پیزا کے ڈبے آسانی سے نیچے چپک جاتے ہیں اور پیزا خراب ہو جاتا ہے جس سے بچنے کے لیے پیزا سیور کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پیٹنٹ کے مطابق پیزا سیور 260 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت برداشت کر سکتا ہے اور اس طرح 3 ٹانگوں والی اس میز کا استعمال دنیا بھر میں ہونے لگا۔