14 ستمبر ، 2023
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی وطن واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کیلئے طلوع سحر ہے۔
جمعرات کو ن لیگ کے سابق ارکان اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کیلئے طلوع سحر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف قوم کو مہنگائی،معاشی بدحالی سے نجات دلانے آ رہا ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو انتقام نہیں،اتحاد،امن،معاشی ترقی،مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے،عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ وعدہ ہے نواز شریف معاشی بدحالی،مہنگائی،بیروزگاری کے اندھیرے ختم کر دیں گے، نوازشریف نے عوام سے ہر وعدہ پورا کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ طے کرلی گئی ہے۔
گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور ان کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
نواز شریف کو لاہور میں استقبالیہ دیا جائے گا اورملک کے مختلف علاقوں میں ان کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نومبر 2019 میں علاج کیلئے برطانیہ گئے تھے۔