15 ستمبر ، 2023
برطانیہ میں پولیس نے 10 سالہ بچی سارہ کے قتل کیس میں گرفتار والد عرفان شریف، سوتیلی والدہ بینش بتول اور چچا فیصل پر الزام عائد کردیا۔
برطانوی حکام کے مطابق گزشتہ روز پاکستان سے برطانیہ واپسی پر گرفتار ہونے والے ملزمان پر 10 سالہ سارہ کے قتل کا الزام عائد کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق تینوں افراد کو 10 برس کی سارہ کے قتل کے شبہ میں گیٹ وک ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
دو روز قبل10 سالہ بچی سارہ کے قتل کیس میں سرے پولیس کو مطلوب ملزمان بچی کا والد عرفان، سوتیلی والدہ بینش اور چچا فیصل سیالکوٹ سے غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز سے برطانیہ روانہ ہوئے تھے۔
برطانوی پولیس سارہ شریف ہلاکت کیس کی تحقیقات کررہی ہے، بچی کی لاش 10 اگست کو سرے میں گھر سے ملی تھی، بچی کے والد عرفان، سوتیلی ماں بینش اور چچا فیصل پاکستان فرار ہوگئے تھے۔
عرفان شریف واقعے کے بعد اپنے دیگر 5 بچوں کوبھی پاکستان لے آئے تھے جنہیں گزشتہ دنوں ہی پولیس نے تحویل میں لیا۔