Time 15 ستمبر ، 2023
کھیل

کیا حارث اور نسیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے؟ بابر نے متبادل پلان پر کیا جواب دیا

بابر اعظم ورلڈکپ سے قبل دونوں بولرز کے مکمل فٹ ہونے کیلئے پرامید ہیں۔ فوٹو فائل
بابر اعظم ورلڈکپ سے قبل دونوں بولرز کے مکمل فٹ ہونے کیلئے پرامید ہیں۔ فوٹو فائل

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایشیا کپ کے دوران انجریز کا شکار ہونے والے فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کی صحتیابی اور اگلے ماہ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق گفتگو کی ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ بھارت کے خلاف میچ میں انجریز کا شکار ہوئے تھے، حارث رؤف پسلیوں میں تکلیف کے باعث بھارت کے خلاف اپنے اوورز کا کوٹا بھی مکمل نہیں کر سکے تھے جبکہ نسیم شاہ کندھے کی انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ سے باہر ہو گئے تھے۔

حارث اور نسیم شاہ کی انجری کے باعث زمان خان اور شاہنواز دھانی کو متبادل بولرز کے طور پر سری لنکا طلب کیا گیا تھا اور زمان خان نے سری لنکا کے خلاف میچ بھی کھیلا تھا اور دونوں بورلز ورلڈکپ میں بھی حارث اور نسیم کے متبادل کے طور پر شامل ہو سکتے ہیں اگر دونوں پیسرز صحتیاب نہ ہو سکے۔

پہلے بھارت اور پھر سری لنکا سے شکست کے بعد گرین شرٹس کا ایشیا کپ میں سفر اختتام کو پہنچ چکا ہے اور اب قومی ٹیم ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔

بھارت میں اگلے ماہ سے شروع ہونے والے ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے، کرکٹ بورڈز کے پاس 28 ستمبر تک کھلاڑیوں کا اعلان کرنے اور انہیں تبدیل کرنے کا موقع ہے، اس کے بعد اعلان کردہ 15 کھلاڑیوں میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی اجازت درکار ہو گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پرامید ہیں کہ دونوں فاسٹ بولرز (حارث اور نسیم) ورلڈکپ میں 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف پہلے میچ سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

تاہم جب حارث رؤف اور نسیم شاہ کی غیر موجودگی میں دوسرے پلان سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے واضح جواب دینے کے بجائے صرف اتنا کہا کہ میں آپ کو بعد میں بتاؤں گا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا ابھی اپنا پلان بی آپ کو نہیں بتا سکتا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ حارث رؤف کی انجری کوئی بڑی نہیں ہے اور وہ ورلڈکپ سے پہلے مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

نسیم شاہ کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا نہیں معلوم کہ نسیم شاہ کب تک فٹ ہوں گے لیکن مجھے امید ہے کہ وہ بھی ورلڈکپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے جا رہا ہے اور اب ورلڈکپ سے قبل پاکستان کے کوئی آفیشل ون ڈے میچز نہیں ہیں تاہم پاکستان نے 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلنے ہیں۔

مزید خبریں :