17 ستمبر ، 2023
پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے آئندہ ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے جس پر بھارتی صحافی وکرانت گپتا اور کمنٹیٹر و تجزیہ کار ہرشا بھوگلے نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
نسیم شاہ ایشیاکپ کے دوران بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلےکا اہم میچ بھی نہیں کھیلا تھا۔
اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ایک بیان دیا تھا کہ امید ہے کہ نسیم شاہ ورلڈکپ تک مکمل فٹ ہو جائیں گے اور ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔
کرکٹ کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نسیم شاہ کی کندھے کی انجری اس سے زیادہ سنگین ہے جیسی ابتدائی طور پر سمجھی جا رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس بات کا امکان ہےکہ کندھے کی انجری کے باعث نسیم شاہ پورے ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے، انجری کے باعث نسیم شاہ کی ناصرف آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بلکہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
اس حوالے سے ہرشا بھوگلے نے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'نسیم شاہ سے متعلق آنے والی خبریں سنگین ہیں، اگر وہ ورلڈکپ 2023 سے باہر ہوگئے تو یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہو گا'۔
دوسری جانب معروف صحافی وکرانت گپتا نے لکھا 'اگر نسیم شاہ کی انجری انہیں پورے ورلڈکپ سے نکلنے کے لیے مجبور کردیتی ہے تو پاکستان کی ٹائٹل جیتنے کی امیدوں میں دراڑ پڑ جائے گی'۔