Time 20 ستمبر ، 2023
دنیا

برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھادیا

ہردیپ سنگھ کے قتل کے مجرموں کو انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا، تمام ممالک کو قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا چاہیے: برطانوی وزیر خارجہ/ فائل فوٹو
ہردیپ سنگھ کے قتل کے مجرموں کو انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا، تمام ممالک کو قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا چاہیے: برطانوی وزیر خارجہ/ فائل فوٹو

لندن: برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھادیا۔

برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ خالد محمود، شیڈو وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی، سکھ اراکین پارلیمنٹ پریت کوراور تن منجیت سنگھ نے بھی ہردیپ سنگھ کے قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

برٹش پاکستانی رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا کہ بھارت کو خبردار کیا جائے کہ ریاستی دہشتگردی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 برطانوی وزیرخارجہ جیمزکلیورلی نے کہا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل کے مجرموں کو انصاف کا سامنا کرنا پڑےگا، تمام ممالک کو قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا چاہیے، بھارت پر لگے سنگین الزمات سے متعلق کینیڈا سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ادھر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت کو کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل الزامات کو سنجیدہ لینے پر خبردار کیا اور کہا ہم بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، سکھ رہنما کے قتل پر جواب چاہتے ہیں، بھارت کو اشتعال دلانے کی کوشش نہیں کررہے۔

خیال رہے کہ آزاد خالصتان کے رہنما ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 میں کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا، کینیڈا نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کینیڈا میں بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کردیا ہے جس کے جواب میں بھارت نے بھی کینیڈا کے سینئر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔


مزید خبریں :