Time 20 ستمبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ: آئی سی سی نے میچز کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے کیا ہدایات جاری کیں؟

اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں زیادہ تر مقامات کے شدید اوس سے متاثر ہونے کی توقع ہے__فوٹو: فائل
اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں زیادہ تر مقامات کے شدید اوس سے متاثر ہونے کی توقع ہے__فوٹو: فائل

بھارت میں آئندہ ماہ کی 5 تاریخ سے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کے لیے تیاریاں کافی عرصے سے جاری ہیں۔

اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچز میں  ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیوریٹرز کے لیے پروٹوکول جاری کیے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ ٹورنامنٹ میں گراؤنڈ پر اوس پڑے گی اور آئی سی سی نے تمام اسٹیڈیمز کے کیوریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیمرز کی مدد کے لیے پچوں پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔

اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں زیادہ تر مقامات کے شدید اوس سے متاثر ہونے کی توقع ہے۔

اس سے قبل 2021 میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی اوس پڑی تھی جس کے باعث بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم فائدے میں رہی تھی۔

بھارتی کنڈیشنز عام طور پر اسپن کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں لیکن آئی سی سی نے کیوریٹرز سے کہا ہے کہ وہ پچوں پر زیادہ سے زیادہ گھاس چھوڑ دیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ فاسٹ بولرز کھیل میں رہیں۔

بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ تجویز کیا گیا ہے کہ اسٹیڈیم میں زیادہ سے زیادہ باؤنڈری کا سائز ہونا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم کو تقریباً 70 میٹر کی باؤنڈری سائز کو برقرار رکھنے کے لیے کہا گیا ہے، انٹرنیشنل میچز میں باؤنڈری سائز کم سے کم 65 میٹرز جب کہ زیادہ سے زیادہ 85 میٹرز ہوتا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ کیوڑیٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ باؤنڈری سائز 70 میٹرز سے زیادہ رکھیں۔

مزید خبریں :