جسمانی وزن میں کمی لانے کا یہ مزیدار طریقہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

جسمانی وزن میں اضافے سے پریشان ہیں اور اس میں کمی لانا چاہتے ہیں؟ تو بادام کھانا عادت بنالیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ساؤتھ آسٹریلیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ غذا میں باداموں کا اضافہ نہ صرف جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ اس سے دل کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب 90 کروڑ سے زائد بالغ افراد کا جسمانی وزن صحت مند سطح سے زیادہ ہے۔

اس تحقیق میں 106 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو موٹاپے کے شکار تھے اور انہیں پہلے مرحلے میں محدود کیلوریز پر مشتمل غذا کا استعمال 3 ماہ تک کرایا گیا۔

اس کے بعد 6 ماہ تک ان افراد کو زیادہ پانی اور فائبر پر مشتمل غذاؤں کا استعمال کرایا گیا اور دونوں مراحل میں باداموں کو بھی غذا کا حصہ بنایا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محدود کیلوریز والی غذاؤں کے ساتھ باداموں کے استعمال سے جسمانی وزن میں 7 کلو گرام تک کمی آتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ عام افراد بھی صحت کے لیے مفید غذا میں باداموں کا اضافہ کرکے جسمانی وزن کو کنٹرول کر سکتے ہیں جبکہ دل اور اس سے جڑی شریانوں کی صحت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بادام پروٹین، فائبر، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور گری ہے جبکہ اس میں موجود چکنائی بھی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے جس سے بلڈ کولیسٹرول کی سطح بہتر اور ورم کم ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس تحقیق میں ہم نے دریافت کیا کہ باداموں کے ساتھ محدود کیلوریز والی غذا کے ذریعے چند ماہ میں جسمانی وزن میں 9.3 فیصد تک کمی لانا ممکن ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Obesity میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :