Time 19 ستمبر ، 2023
صحت و سائنس

جسمانی وزن میں کمی کے لیے ورزش کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ورزش ہر ایک کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر جسمانی وزن میں کمی کے لیے کونسا وقت بہترین ہوتا ہے؟

اس سوال کا جواب ایک نئی طبی تحقیق میں دیا گیا۔

جرنل Obesity میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کے ذریعے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے صبح کا وقت بہترین ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ورزش کرنے کے وقت اور جسمانی وزن میں کمی کے درمیان ٹھوس تعلق موجود ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ صبح 7 سے 9 بجے کے دوران ورزش کرنا جسمانی وزن اور کمر کے گھیراؤ کو کم رکھنے کے لیے بہترین ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں دوپہر یا شام میں ورزش کرنے والوں میں یہ تعلق کمزور ہوتا ہے۔

تحقیق میں 5285 افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جو 2003 سے 2006 کے درمیان نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سروے کا حصہ بنے تھے۔

محققین نے ان افراد کو ورزش کے وقت (صبح، دوپہر یا شام) کے مطابق 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

یہ افراد ہفتہ بھر میں 150 منٹ تک متعدل سے سخت ورزش کرنے کے عادی تھے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ صبح کے وقت ورزش کرنے والے افراد کا جسمانی وزن دیگر گروپس میں شامل افراد سے کم تھا جبکہ وہ غذا کی کم مقدار کا بھی استعمال کرتے تھے۔

تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ صبح ورزش کرنے والے افراد دیگر کے مقابلے میں زیادہ وقت بیٹھ یا لیٹ کر گزارنے کے عادی تھے ، مگر پھر بھی صحت مند جسمانی وزن برقرار رہا۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے ورزش کا وقت بھی اہمیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورزش کے ساتھ ساتھ اس کے وقت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے خاص طور پر اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانے کے خواہشمند ہیں۔

مزید خبریں :