22 ستمبر ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی نے سینئر قانون دان اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن لطیف کھوسہ کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔
ترجمان پیپلز پارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نے لطیف کھوسہ کی سی ای سی کی رکنیت بھی معطل کر دی ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق لطیف کھوسہ نے مدت پوری ہونے کے باوجود شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کی جانب سے پارٹی پالیسیوں کے برعکس چیئرمین پی ٹی آئی کی وکالت کرنے پر لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے لطیف کھوسہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی میری جماعت ہے اور کوئی بھی مجھے پیپلز پارٹی سے نہیں نکال سکتا، جب شوکاز نوٹس ملے گا تو اس کا جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کروں گا۔