پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2023

کوئی شوکاز موصول نہیں ہوا، مجھے پارٹی سے کون نکال سکتا ہے؟ لطیف کھوسہ

نوٹس موصول ہونے پر جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کروں گا: لطیف کھوسہ۔ فوٹو فائل
نوٹس موصول ہونے پر جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کروں گا: لطیف کھوسہ۔ فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور ماہر قانون لطیف کھوسہ کا کہنا ہے پارٹی کی جانب سے کوئی شوکاز نہیں ملا، مجھے جماعت سے کون نکال سکتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے پارٹی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے عمران خان کا دفاع کرنے پر لطیف کھوسہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے اور ان سے 7 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے لیکن سپریم کورٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آج بلاول ہاؤس لاہور میں ہو رہا ہے جس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت اعلیٰ پارٹی قیادت شریک ہو گی، اجلاس میں آئندہ عام انتخابات اور پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے امور پر مشاورت کی جائے گی۔ 

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا پیپلز پارٹی میری جماعت ہے مجھے کون جماعت سے نکال سکتا ہے، تاحال کوئی شوکاز موصول نہیں ہوا، نوٹس موصول ہونے پر جواب دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کروں گا۔

دوسری جانب جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ لطیف کھوسہ کو شوکاز جاری کیا گیا ہے اور انہیں جواب دینے کے لیے 7 دن کا وقت دیا گیا ہے، لطیف کھوسہ کی جانب سے جواب دیے جانے کے بعد ان کی بنیادی رکنیت معطل کرنے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔

مزید خبریں :