26 ستمبر ، 2023
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا ہےکہ وہ اپنے ٹارگٹ سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہتے اور ان کا ٹارگٹ ورلڈکپ کھیلنا ہے۔
کین ولیمسن گھٹنے کی انجری کے باعث 6 ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں، ان کے گھٹنے کا آپریشن ہوا اور وہ ان دنوں وہ ری ہیب میں مصروف ہیں۔
تاہم اب میڈیا ٹاک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ کرکٹ میں واپسی میرے لیے بہت اچھی خبر ہے، آپ ورلڈکپ کا حصہ بننے کے لیے پر امید رہتے ہیں، انجری کے بعد آپ ایکشن میں واپس آنا چاہتے ہیں، واپسی کے لیے آپ کو فٹنس درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا سارا فوکس اس وقت روزانہ کے ری ہیب پروگرام پر ہے، میں نہیں چاہتا کہ کچھ ایسا ہو کہ میں ایک قدم پیچھے چلا جاؤں، نیٹس پر بیٹنگ کر رہا ہوں، رننگ میں 100 فیصد نہیں ہوں لیکن میں پہلے سے بہتر ہو رہا ہوں ۔
کین ولیمسن نیوزی لینڈ کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو ہو گا جب کہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا، ورلڈ کپ کے دوران مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے اور فائنل 19 نومبر 2023 کو ہو گا۔