26 ستمبر ، 2023
بنگلادیش نے بھی بالآخر آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
منگل کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کیا تاہم ساتھ ہی بنگلادیشی کرکٹ فینز کے لیے بری خبر بھی سامنے آئی۔
بنگلادیش کے سب سے تجربہ کار اور اہم بیٹر تمیم اقبال کمر کی انجری کے باعث ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
تمیم اقبال نے جولائی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم پہلے کمر کی انجری کے باعث وہ ایشیا کپ سے باہر ہوئے۔
بعد ازاں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں واپسی کے بعد کمر میں دوبارہ تکلیف ہونے کے باعث اب ورلڈکپ اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔
بنگلادیش کا ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ
بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی قیادت شکیب الحسن کریں گے۔
اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں مشفیق الرحیم، لٹن داس، نجم الحسین شانٹو، توحید ہردوئے، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، حسن محمود، شوریف الاسلام، نسم احمد، مہدی حسن، تنزید تمیم، تنظیم ثاقب اور محمود اللہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
بنگلادیش ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔