Time 27 ستمبر ، 2023
کھیل

پاکستان، ویسٹ انڈیز اور امریکا اوور 40 کرکٹ گلوبل کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان، ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیموں نے اوور 40 کرکٹ گلوبل کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، ایک ٹیم کا فیصلہ کل ہوگا۔

بدھ کو اوور 40 کرکٹ گلوبل کپ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 157 رنز سے شکست دے کر مسلسل چھٹی فتح حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان عبدالرزاق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر الیاس اور جنید خلیل نے شاندار اوپنگ اسٹینڈ فراہم کیا۔

دونوں نے نصف سنچری اسکور کی، الیاس نے 66 اور جنید نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ  امجد علی نے بھی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 68 رنز بنائے۔

پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا،  ہانگ کانگ کے سارو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم لفٹ آرم اسپنر عبد القادر کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 171 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔عبدالقادر نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

 ہانگ کانگ کی جانب سے نوید خواجہ 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،  پاکستان ٹیم ساتواں میچ کل یو اے ای کے خلاف کھیلے گا۔

آج ہونے والے دیگر میچز میں نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس پر آسٹریلیا نے یو اے ای کو 226 رنز سے شکست دے دی، کراچی جیم خانہ پر ویسٹ انڈیز نے کینیڈا کو 103 رنز سے ہرادیا جبکہ امریکا نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مزید خبریں :