Time 28 ستمبر ، 2023
کھیل

تمیم اقبال 'ٹیم مین' نہیں، شکیب الحسن ساتھی کرکٹر پر کیوں برس پڑے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے انجری کے باعث ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنانے والے ساتھی کرکٹر تمیم اقبال کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق شکیب الحسن نے ورلڈ کپ سے قبل تمیم اقبال کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں 'بچگانہ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 'ٹیم مین' نہیں۔

منگل کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کیا تاہم ساتھ ہی بنگلادیشی کرکٹ فینز کے لیے بری خبر بھی سامنے آئی۔

بنگلادیش کے سب سے تجربہ کار اوپنر تمیم اقبال کمر کی انجری کے باعث ورلڈکپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

اوپنر تمیم اقبال نے جولائی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے ایشیا کپ اور ورلڈکپ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم پہلے کمر کی انجری کے باعث وہ ایشیا کپ سے باہر ہوئے۔

بعد ازاں رپورٹس میں بتایا گیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں واپسی کے بعد کمر میں دوبارہ تکلیف ہونے کے باعث وہ اب ورلڈکپ اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے۔

جیسے رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ اوپننگ  بیٹر کو ان کی ناقص فٹنس کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا لیکن تمیم اقبال نے بدھ کو فیس بک پر ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ سے قبل ان کے پاس مکمل ہونے کے لیے کافی وقت تھا۔

کرک انفو کے مطابق تمیم اقبال  نے کہا کہ وہ ورلڈکپ کے لیے بھارت اس لیے نہیں جاسکیں گے کیونکہ وہ بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کے لیے رکاوٹیں پیدا کرنے سے تنگ آچکے تھے۔ تمیم نے دعویٰ کیا کہ کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار  نے انہیں بیٹنگ آرڈر میں نیچے کے نمبروں پر آکر کھیلنے کو کہا تھا۔ 

رپورٹس کے مطابق تمیم نے بیٹنگ آرڈ میں نیچے کھیلنےسے مبینہ طور پر انکار کر دیا تھا۔

اس بیان کے بعد کرکٹ کے حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ کیا تمیم اقبال کو جان بوجھ کر ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے؟

کرک انفو کے مطابق بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے یقین ہے کہ کسی نے (تمیم کو) یہ ضرور کہا ہو گا، جس شخص نے بھی یہ کہا،  اس نے ٹیم کے بارے میں سوچا'۔ 

شکیب نے کہا کہ میچ کے لیے ٹیم کمبی نیشن بنانے میں بہت سی چیزیں شامل ہوتی ہیں، تو اگر کسی نے تمیم  سے یہ کہا ہے تو کیا یہ غلط تھا؟

بنگلادیشی کپتان نے تمیم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف کسی کو بتا رہا ہوں کہ آپ جو چاہیں کر سکتے ہیں، یہ بتائیں کہ ٹیم پہلے ہے یا انفرادی شخص؟

کرک انفو کے مطابق شکیب نے پھر بھارتی کپتان روہت شرما کی بھی مثال دی جو بحیثیت اوپنر کھیلنے سے پہلے نیچے کےنمبروں پر بیٹنگ کرتے تھے۔

شکیب الحسن نے کہا کہ روہت شرما نے اپنا کیریئر نمبر 7 سے شروع کیا اور پھر اوپننگ کرتے ہوئے 10ہزار رنز بھی بنالیے،  اگر وہ کبھی نمبر 3 یا 4 پر بیٹنگ کریں تو کیا یہ ایک بڑا مسئلہ ہوگا؟ یہ بالکل بچگانہ سوچ ہے۔ 

بنگلادیشی کپتان نے تمیم اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک کھلاڑی کو ٹیم کے لیے کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنی چاہیے، سب سے پہلے ٹیم ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا اگر آپ نے 100 یا 200 رنز بنائے اور ٹیم ہار جائے۔ آپ اپنی ذاتی کامیابی کے ساتھ کیا کر سکتے ہیں؟ کیا آپ صرف اپنا نام بنانا چاہتے ہیں؟

کرک انفو کے مطابق شکیب الحسن نے مزید کہا کہ ایسے تو آپ ٹیم کے بارے میں بالکل نہیں سوچ رہے، لوگ ان باتوں کو نہیں سمجھتے کہ تمیم کو نیچے کھیلنے کی تجویز کیوں دی گئی؟ یہ فیصلہ ٹیم کے لیے تھا، اس میں غلط کیا ہے؟ جب آپ اس طرح کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں تو آپ ایک ٹیم مین ہوتے ہیں۔ اگر آپ صرف اپنے بارے میں سوچ رہے تو آپ ٹیم مین نہیں ہیں، آپ انفرادی ریکارڈ، کامیابی، شہرت اور نام کے لیے کھیل رہے ہیں اور ٹیم کے لیے نہیں۔

مزید خبریں :