Time 29 ستمبر ، 2023
پاکستان

ہنگو کی مسجد میں خودکش دھماکا، عینی شاہد نے کیا دیکھا؟

2 شدت پسندوں نے تھانہ دو آبہ میں اندر گھسنے کی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کی: پولیس۔ اسکرین گریب
 2 شدت پسندوں نے تھانہ دو آبہ میں اندر گھسنے کی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کی: پولیس۔ اسکرین گریب

ہنگو کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کے حوالے سے عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا احوال بتایا ہے۔

پولیس کے مطابق ہنگو میں مسجد کے اندر خودکش دھماکا ہوا، 2 شدت پسندوں نے تھانہ دو آبہ میں اندر گھسنے کی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کی۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک خودکش بمبار تھانے کے گیٹ میں ہلاک ہوا، شدت پسندوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ دوسرے دہشت گرد نے تھانے کے اندرداخل ہوکر مسجد میں خود کو اڑا دیا۔

پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں کے بروقت رسپانس سے دھماکے سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب ایک عینی شاہد کا بتانا ہے کہ دھماکے کے وقت مسجد کے اندر 60 سے 70 لوگ موجود تھے، خودکش حملہ آور نےگیٹ سے اندر آنےکی کوشش کی تاہم پولیس اہلکار کی فائرنگ اور مقابلے کے باعث اکثر لوگ مسجد سے باہر نکل گئے جس کے باعث دھماکے میں زیادہ جانی نقصان نہ ہوا۔

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عظمت اللہ وزیر کا کہنا ہے ہنگو میں دھماکے کے پیش نظر ضلع کوہاٹ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ہنگو کے تھانہ دوآبہ اور مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکوں میں 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :