30 ستمبر ، 2023
ہنگو کی تحصیل دوآبہ میں تھانے کی مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کر لیا گیا۔
خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے تھے، ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے حملہ آور کے جسم کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پہنچتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے بعد وہاں موجود سنتری نے بھی جوابی فائرنگ کی۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکار سعید الرحمان نے فائرنگ کرنے والے دہشتگرد سے بندوق چھین لی جس کے بعد فائرنگ کرتے ہی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا۔
خودکش دھماکے سے متعلق داخل کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ایک خودکش حملہ آور کو مسجد کے باہر ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران نمازی مسجد سے باہر نکلے لیکن اس دوران دوسرے خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخل ہو کر خود کو اڑا لیا۔
یاد رہے کہ ہنگو کی تحصیل دوآبہ میں تھانے کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق 2 شدت پسندوں نے تھانا دوآبہ میں اندرگھسنےکی کوشش کی، تھانے کے گیٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک خودکش بمبارتھانے کے گیٹ میں ہلاک ہوا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 5 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔