30 ستمبر ، 2023
ٹاک شو میں جھگڑے پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی لیگل ٹیم کے رکن شیرافضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں شیر افضل مروت کےخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا اور مقدمہ سینیٹرافنان اللہ کی مدعیت میں درج کیاگیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ٹی وی پروگرام میں مجھے بطورمہمان بلایا گیا تھا، شیرافضل نے حملہ کیا، شیر افضل مروت نے مجھے جان سےمارنےکی دھمکیاں دیں۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی ویڈیو اور ثبوت موجود ہیں، شیر افضل مروت نے مجھ پر حملہ کرنے سے متعلق ٹوئٹ بھی کیا لہٰذا ملزم شیر افضل مروت کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے مطابق سینیٹر افنان اللہ خان کی درخواست پر تھانہ آبپارہ میں دفعہ 506 ، 352 کے تحت مقدمہ درج کیا۔
ترجمان نے بتایاکہ سینیٹر افنان اللہ نے شیر افضل مروت کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دی تھی۔
خیال رہے کہ تین روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں سینیٹرافنان اللہ پر شیرافضل مروت نے حملہ کیا تھا، مارپیٹ کرتے ہوئے دونوں فرش پر گرپڑے تھے، معاملہ ایک دوسرے سے بحث کے دوران تلخ کلامی سے شروع ہوا تھا جو نازیبا الفاظ سے ہوتا ہوا مار پیٹ تک پہنچ گیا تھا۔
پروگرام کے سیٹ پر موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا اور دونوں کو علیحدہ کیا تھا۔